بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے آؤٹ آف فارم کپتان روہت شرما اور سینئر کرکٹر ویرات کوہلی سے متعلق بڑا فیصلہ کر لیا ہے۔
حال ہی میں سری لنکا، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف مسلسل ناکامیوں پر بی سی سی آئی نے کپتان روہت شرما اور سینئر کھلاڑی ویرات کوہلی کے مستقبل سے متعلق بڑا فیصلہ کرتے ہوئے انہیں ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی ہدایت کر دی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی کا جائزہ اجلاس ہوا جس میں انڈین ٹیم کی ٹیسٹ کرکٹ میں حالیہ ناکامیوں بالخصوص آسٹریلیا میں بارڈر گواسکر ٹرافی میں روہت شرما اور ویرات کوہلی کی خراب کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور دونوں کھلاڑیوں سمیت تمام کھلاڑیوں کو ٹیسٹ کرکٹ میں قومی ٹیم کی نمائندگی کرنے کے لیے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی شرط عائد کر دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق بی سی سی آئی نے تمام کھلاڑیوں پر واضح کر دیا ہے کہ اب سابقہ کارکردگی، سینیارٹی اور بڑے ناموں پر پک اینڈ چوز والی پالیسی ختم کی جا رہی ہے۔ جس نے بھی ٹیسٹ کرکٹ میں بھارت کی نمائندگی کرنی ہے۔ اس کو لازمی رانجی ٹرافی کھیلنا ہوگی۔
بی سی سی آئی کے اس سخت فیصلے کے بعد بھارتی شائقین کرکٹ 13 سال بعد روہت شرما اور 10 سال بعد روہت شرما کو رانجی ٹرافی میں کھیلتا دیکھ سکیں گے۔
ویرات کوہلی نے آخری بار نومبر 2012 میں رنجی ٹرافی کا میچ کھیلا تھا جب کہ آخری ڈومیسٹک ٹورنامنٹ 2013 میں کھیلا تھا جب کہ روہت شرما نے 2015 میں آخری بار رانجی ٹرافی میں شرکت کی تھی اور 2018 سے وہ ڈومیسٹک کرکٹ بھی نہیں کھیلے۔
ویرات کوہلی اور روہت شرما کی خراب فارم کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ کوہلی آسٹریلیا میں پانچ میچوں کے دوران 190 رنز ہی بنا سکے جب کہ روہت شرما نے تین میچوں میں صرف 31 رنز ہی اسکور کیے۔
چیمپئنز ٹرافی میں روہت شرما اور ویرات کوہلی کھیلیں گے یا نہیں؟ بھارتی میڈیا نے بڑی خبر دے دی