ممبئی: بالی وڈ میں ایکشن فلموں کی ہدایت کاری کیلیے مشہور روہت شیٹی نے سُپر اسٹار شاہ رخ خان کے ساتھ جھگڑے کی افواہوں کی حقیقت بتا دی۔
روہت شیٹی اور شاہ رخ خان فلم ’چنئی ایکسپریس‘ کے بعد ایک ہٹ ’اداکار اور ہدایت کار‘ جوڑی سمجھے جاتے تھے لیکن فلم ’دل والے‘ پر شائقین کے ملے جلے ردعمل کے بعد دونوں میں جھگڑے کی افواہوں نے سرخیوں میں جگہ بنائی۔
فلم ’دل والے‘ کے بعد دونوں نے کسی اور پروجیکٹ کیلیے ایک ساتھ کام نہیں کیا۔ بہت سے شائقین کا ماننا ہے کہ دونوں کے درمیان جھگڑا ہوا اور سخت ناراضی ہے جبکہ کچھ کہتے ہیں کہ انہوں نے دوسرے پروجیکٹس پر کام کرنا شروع کیا۔
یہ بھی پڑھیں: روہت شیٹی نے نوجوان بالی وڈ اسٹارز کو آڑے ہاتھوں لے لیا
روہت شیٹی نے حالیہ پوڈکاسٹ میں شاہ رخ خان کے ساتھ جھگڑے کی قیاس آرائیوں پر ردعمل دیا۔ انہوں نے افواہوں کو یہ کہتے ہوئے مسترد کر دیا کہ ’ایسا کچھ نہیں ہے‘۔
فلم ہدایت کار نے کہا کہ ایک احترام ہے ہمارے بیچ میں اور فلم ’دل والے‘ کے بعد یہ ہوا کہ ہم نے اپنے اپنے پروڈکشن ہاؤس کھول لیے تاکہ اگر نقصان بھی ہو تو ہمارا ہو لیکن خوش قسمتی سے ایسا ہوا نہیں۔
ان کے مطابق انڈیا میں ملا جلا ردعمل ملنے کے باوجود فلم ’دل والے‘ کو عالمی سطح پر کافی پذیرائی ملی۔
روہت شیٹی نے فلم ’سنگھم اگین‘ کی ہدایت کاری کی جو اکتوبر 2024 میں ریلیز ہوئی تھی۔ اس میں اجے دیوگن، کرینہ کپور، دیپکا پڈوکون، رنویر سنگھ اور دیگر نامور فنکاروں نے اہم کردار ادا کیے تھے۔
دوسری جانب شاہ رخ خان فلم ’کنگ‘ کی تیاری میں مصروف ہیں جس میں ان کی بیٹی سوہانا خان، ابھیشیک بچن اور ابھے ورما بھی جلوہ گر ہوں گے۔
’کنگ‘ کی ہدایت کاری سدھارتھ آنند کریں گے۔ حال ہی میں قیاس آرائیاں تھیں کہ دپیکا پڈوکون سوہانا خان کی ماں کا کردار ادا کریں گی لیکن اب تک تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔