سابق جنوبی افریقی جارح مزاج بیٹر سمجھتے ہیں کہ اگر ہاردک پانڈیا ممبئی انڈینز میں آگئے تو روہت انھیں کپتانی سونپ دیں گے۔
اے بی ڈی ویلیرز کو لگتا ہے کہ روہت شرما اگر بھارتی ٹیم کی کی کپتان جاری رکھتے ہیں تو ہاردک پانڈیا ممبئی انڈینز میں آکر کپتانی کی ذمہ داری اپنے کندھوں پر لے سکتے ہیں۔ اس سے روہت پر بوجھ کم ہوجائے گا۔
اپنے یوٹیوب چینل پر ایک ویڈیو میں گفتگو کرتے ہوئے مسٹر 360 کی عرفیت سے مشہور کرکٹر کا کہنا تھا کہ ’مجھے ایک مضحکہ خیز احساس ہورہا ہے کہ روہت اپنی جگہ ہاردک کو کپتان بنانے جا رہے ہیں۔ روہت پر ٹیم انڈیا کی کپتانی کا بہت زیادہ دباؤ ہے۔ شاید وہ اس لیے یہ اقدام کرنا چاہیں۔‘
اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ڈی ویلیرز نے کہا کہ ممبئی انڈینز کے لیے یہ ایک بڑی خبر ہے۔ ہاردک کئی سالوں سے ممبئی کے لیے کافی اہم پلیئر رہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پانڈیا کو وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کھیلنا پسند ہے۔ انھوں نے گجرات ٹائٹنز کے ساتھ ٹرافی جیتی اور پھر اگلے سیزن میں فائنل تک گئے۔ شاید انھیں لگتا ہے کہ یہ ان کا وقت ہے۔
واضح رہے کہ پچھلے دو سیزن میں آل راؤنڈر ہاردک نے گجرات ٹائٹنز کی قیادت کی تھی، جس میں انھوں نے ایک ٹائٹل جیتا اور دوسرے سیزن میں فائنل میں جگہ بنائی تھی۔ اب اطلاعات کے مطابق امکان ہے کہ گجرات کی ٹیم ممبئی کے ساتھ ان کا تبادلہ کرلے۔