میلان: معروف پرتگالی اسٹار کرسٹیانو رونالڈو سے مصری کھلاڑی محمد صلاح کی کامیابی ہضم نہیں ہوسکی.
تفصیلات کے مطابق اطالوی کلب یوونٹس سے کھیلنے والے رونالڈو نے اپنے گول کو صلاح کے گول سے زیادہ جان دار قرار دے دیا.
یاد رہے کہ فیفا کی جانب سے انگلش کلب لیور پول سے تعلق رکھنے والے محمد صلاح کے ایورٹن کے خلاف گول کو سال کا بہترین گول قرار دیا گیا تھا.
البتہ کرسٹیانو رونالڈ کا دعویٰ ہے کہ 2017 میں انھوں نے اپنے پرانے کلب ریال میڈرڈ کی جانب سے یوونٹس کے خلاف جو گول داغا تھا، وہ صلاح کے گول سے زیادہ دل کش اور بہتر تھا.
یاد رہے کہ رونالڈو نے ایک خوب صورت بائی سائیکل کک پر یہ گول کیا تھا، جس کا ایک عرصے فٹ بال نگر میں چرچا رہا.
رونالڈو نے انسٹا گرام پر اپنے پیغام میںکہا کہ صلاحکا گول بہت خوب صورت ہے، مگر ہمیںخود سے جھوٹ نہیں بولنا چاہیے، میرا گول زیادہ بہتر تھا.
یاد رہے کہ 33 سالہ رونالڈو کو انسٹاگرام پر 142 ملین افراد فالو کرتے ہیں.
رونالڈو نے مزید لکھا کہ کبھی آپ ایوارڈ جیتتے ہیں، کبھی نہیں، البتہ میری کامیابی یہ ہے کہ میں نے گذشتہ پندرہ برس میں اپنی پرفارمینس کے معیار کو ہمیشہ برقرار رکھا، میں میچ جیتنے کے لیے کھیلتا ہوں، ایوارڈ جیتنے کے لیے نہیں.
یاد رہے کہ فیفا کے بہترین کھلاڑی کی کیٹیگری میں رونالڈو، لیوکا موڈرچ اور صلاح میں مقابلہ تھا.
یہ ایوارڈ کرویشیا کے اسٹار کھلاڑی لوکا موڈرچ نے اپنے نام کیا تھا.