کراچی: اربوں روپے مالیت سے بننے والے اسلام آباد ایئر پورٹ کی چھت پھر ٹپکنے لگی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق نیو اسلام آباد ایئر پورٹ کے ڈومیسٹک ارائیول لاؤنج میں ایک بار پھر چھت ٹپکنے لگی ہے، اور پانی لاؤنج میں جمع ہو گیا۔
سی اے اے ذرائع کا کہنا ہے کہ ایئر پورٹ پر ڈریمز کی لائن پھٹ گئی ہے، پائپ لائن پھٹ جانے کی وجہ سے پانی ٹرمینل بلڈنگ کی چھت سے دھار کی صورت میں لاؤنج میں گر رہا ہے۔
لاؤنج میں پانی آنے سے مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ایئر پورٹ پر سسٹم کی خرابی معمول بن گئی ہے، اس سلسلے میں اے آر وائی نیوز کو موصول ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لاؤنج میں آنے والے پانی کو وائپرز کے ذریعے صاف کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اسلام آباد ایئر پورٹ پر منیجر سمیت اہم عہدوں پر جونئیر افسران کو تعینات کر رکھا ہے، جو ایئر پورٹ کا سسٹم آپریٹ کرنے میں ناکام ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی کئی مرتبہ اسلام آباد ایئرپورٹ کی چھت ٹپکنے کے واقعات سامنے آ چکے ہیں، چھت کی ٹائلیں بھی ٹوٹ کر نیچے گری تھیں۔