لندن: برطانوی شہزادے ہیری کی شادی تنازع کا شکار ہوگئی، شاہی خاندان کی بہو بننے والی امریکی اداکارہ میگھن مارکل نے تصدیق کی ہے کہ اُن کے والد شادی کی تقریبات میں شرکت نہیں کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق برطانوی شاہی خاندان کے نواب پرنس ہیری اور میگھن مارکل کی شادی 19 مئی کو منعقد کی جائے گی جس کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہوچکیں۔ دلہن دلہا کا لباس ہو یا پھر مہمانوں کی فہرست شاہی خاندان نے تمام ہی چیزوں کو حتمی شکل دے دی تاہم شادی کے حوالے سے ایک نیا تنازعہ کھڑا ہوگیا جس نے سب کو پریشان کر کے رکھ دیا۔
مزید پڑھیں: میگھن مرکل کا والدہ کے لیے صدیوں پرانی روایت توڑنے کا فیصلہ
شاہی خاندان کی بہو بننے والی امریکی اداکارہ میگھن مارکل نے جمعرات کے روز انتہائی افسردہ لہجے میں تصدیق کی کہ میرے والد شادی کی تقریب میں شرکت نہیں کریں گے۔ اُن کا کہنا تھا کہ میں نے ہمیشہ والد کا خیال رکھا اُن کی صحت پر خصوصی توجہ دی مگر افسوس ایسی صورتحال پیدا ہوگئی کہ اب میرے سربراہ شادی میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔
ذرائع کے مطابق میگھن مارکل کے والد کے دل کی سرجری ہوئی جس کے باعث ڈاکٹروں نے انہیں سفر کرنے سے منع کیا ہے، اسی وجہ سے وہ شادی کی تقریب میں شرکت نہیں کریں گے۔
شاہی خاندان نے میگھن مارکل کا بیان جاری کیا جس میں انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ ’میرے والد میکسیکو میں رہائش پذیر ہیں اور وہ صحت کی وجہ سے ہی شرکت نہیں کرسکیں گے‘۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی شہری برطانوی شاہی شادی کے کیک کھانے لگے
میگھن مارکل نے اپنے پیغام میں تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے درخواست کی کہ وہ خصوصا شادی کی تقریب اور آئندہ کی زندگی اچھی گزرنے کے لیے مجھے اور ہیری کو دعاؤں میں یاد رکھیں۔