لاہور : مقامی عدالت نے وزیراعلی شہباز شریف کی جانب سے پانامہ پیپرز میں اربوں روپے کی پیشکش کا الزام لگانے پر تحریک انصاف کے سربراہ کے خلاف دس ارب روپے ہرجانے کی درخواست پر عمران خان کو تیسری بار نوٹس جاری کر دیا۔
لاہور کی مقامی عدالت میں شہباز شریف کی جانب سے عمران خان کیخلاف 10 ارب روپے ہرجانے کے کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالتی نوٹسز کے باوجود عمران خان کی جانب سے کوئی پیش نہیں ہوا۔
عمران خان کی جانب سے جواب داخل نہ کرانے پر عدالت نے عمران خان کو 9ستمبر کیلئے تیسری بار نوٹس جاری کر دیا ہے۔
گذشتہ سماعت میں عدالتی حکم کے باوجود عمران خان کی جانب سے جواب داخل نہ کرانے پر عدالت نے عمران خان کو اکیس اگست کے لئے دوسری بار نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا تھا۔
مزید پڑھیں : وزیر اعلیٰ پنجاب کا عمران خان پر 10 ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر
یاد رہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف مقامی عدالت میں 10 ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا تھا ، جس پر عدالت نے عمران خان کو 21 جولائی کا نوٹس جاری کیا تھا۔
واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل عمران خان نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف پر الزام عائد کیا تھا کہ شہباز شریف نے پاناما لیکس پر مجھے خاموش رہنے پر 10 ارب روپے دینے کی پیشکش کی تھی۔