تازہ ترین

نوزائیدہ بچی کو علاج کے لیے 16 کروڑ کا انجیکشن لگایا گیا

ممبئی: بھارت میں ایک نوزائیدہ بچی کو عجیب و غریب بیماری کے علاج کے لیے 16 کروڑ روپے کا انجیکشن لگایا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست مہاراشٹر کے شہر ممبئی کے ایک اسپتال میں زیر علاج ’تیرا کامت‘ نامی ایک 6 ماہ کی بچی کو سولہ کروڑ روپے کا انجیکشن لگایا گیا ہے۔

یہ بچی ’ایس ایم اے ٹائپ ون‘ نامی بیماری میں مبتلا ہے، یہ ایک جان لیوا بیماری ہے اور اس سے نکلنے کے لیے زولجینزما انجیکشن دیا جاتا ہے۔

بچی کے والدین

یہ دنیا کا سب سے مہنگا انجیکشن ہے، تیراکامت نامی اس بچی کے لیے یہ انجیکشن امریکا سے منگوایا گیا، جس پر سولہ کروڑ روپے کا خرچ آیا۔

تیراکامت کے والدین پریانکا اور میہر کامت کے لیے یہ انجیکشن خریدنا ممکن نہیں تھا، اس لیے انھوں نے عوام سے مدد مانگی اور لوگوں نے کھلے دل سے ان کے لیے عطیات دے دیے۔

نہ صرف عوام نے بلکہ ریاستی و مرکزی حکومت نے بھی اپنی ذمہ داری ادا کی، یہ جان کر آپ کو حیرانی ہوگی کہ اس انجیکشن پر صرف امپورٹ ڈیوٹی 6 کروڑ روپے کی تھی، جو حکومت نے معاف کر دی۔

بتایا جا رہا ہے کہ انجیکشن لگائے جانے کے بعد اب بچی کی حالت خطرے سے باہر ہے اور چند ہی دنوں میں اسے اسپتال سے ڈسچارج کر دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ ایس ایم اے ٹائپ ون دراصل اعصاب اور پٹھوں کی ایک بیماری ہے، انسانی جسم میں ایک جین ہوتا ہے، جو ایک پروٹین بناتا ہے جو اعصاب اور پٹھوں کو زندہ رکھتا ہے۔

تاہم تیراکامت کے جسم میں ایسا کوئی جین نہیں ہے، اس لیے اس کے جسم میں پروٹین نہیں بنتا، جس کی وجہ سے اس کے اعصاب آہستہ آہستہ مرنے لگتے ہیں۔ ایک رپورٹ کے مطابق اب تک بھارت میں 11 افراد کو زولجینزما کا انجیکشن دیا گیا ہے، جب کہ تیراکامت ممبئی کی دوسری لڑکی ہے جسے یہ انجیکشن دیا گیا۔

Comments

- Advertisement -