کراچی: ربیع الاول 1441 ہجری کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج بعد نماز عصر کراچی میں ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق ربیع الاول کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس محکمہ موسمیات کے دفتر کراچی میں آج ہوگا، رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ مفتی منیب الرحمان اجلاس کی صدارت کریں گے۔
چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان چاند نظر آنے یا نہ آنے کا اعلان کریں گے۔ زونل کمیٹیوں کے اجلاس لاہور، کوئٹہ اور پشاورمیں ہوں گے، محکمہ موسمیات کے نمائندے بھی اجلاس میں شریک ہوں گے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج ربیع الاول کا چاند نظر آنے کے واضح امکانات ہیں، چاند نظر آنے کی صورت میں ملک بھر میں عید میلاد النبی 10 نومبر بروز اتوار کو منائی جائے گی۔
واضح رہے ماہ ربیع الاول امت مسلمہ کے لیے خاص اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس مہینے نبی آخرالزماں ﷺ کی دنیا میں آمد ہوئی، پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پوری دنیا کے لئے عملی نمونہ بن کر آئے اور وہ ہر شعبے میں اس اوج کمال پر فائز ہیں کہ ان جیسا کوئی تھا اور نہ ہی قیامت تک آسکتا ہے۔