کراچی: مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمان نے اعلان کیا ہے کہ ملک کے طولِ و عرض میں رمضان المبارک 1440 ہجری کا چاند نظر نہیں آیا لہذا پہلا روزہ 7 مئی بروز منگل ہوگا۔
نمائندہ اے آر وائی نیوز رافع حسین کے مطابق مفتی منیب الرحمان کی زیر صدارت رویت ہلال کمیٹی کا مرکزی اجلاس کراچی جبکہ ملک کے دیگر شہروں میں زونل کمیٹیوں کا اجلاس ہوا۔ تمام اجلاسوں میں فلکیات، سپارکو، محکمہ موسمیات کے ماہرین سمیت مفتیان کرام بھی شریک تھے ، مرکزی کمیٹی نے ہر سال کی طرح دیگر شہادتیں جمع کرنے کے بعد حتمی اعلان کیا۔ چاند دیکھنے کے لیے جدید سائنسی ٹیلی اسکوپس سے مدد لی گئی۔
مفتی منیب الرحمان نے اعلان کیا کہ ملک بھر سے رمضان کے چاند کی کوئی شرعی شہادت موصول نہیں ہوئی لہذا پہلا روزہ منگل 7 مئی کو ہوگا۔
قبل ازیں وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اعلان کیا تھا کہ رویت ہلال کمیٹی کے لیے 5 رکنی کمیٹی قائم کردی گئی جو آئندہ 10 قمری سالوں کا کلینڈر جاری کرے گی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ رویت ہلال کے لیے 5 رکنی کمیٹی قائم کردی گئی، جس میں اسپارکو، محکمہ موسمیات اور ٹیکنالوجی ماہرین شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی آئندہ 10 قمری سالوں کا کلینڈرجاری کرے گی، جس میں عیدین، محرم، رمضان سمیت تمام مہینوں کا کلینڈر جاری ہوگا، اقدام سے ہر سال رویت ہلال پرپیدا ہونے والا تنازع ختم ہوگا۔
مزید پڑھیں: رویت ہلال کے لیے 5 رکنی کمیٹی قائم کردی ہے، فواد چوہدری
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے چاند نظر نہ آنے کا امکان ظاہر کیا۔
واضح رہے کہ ہجری قمری سال، ایسا سال ہے جس کا معیار چاند کا زمین کے گرد گردش کرنا ہے اور اس کی ابتداء حضور صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی مدینہ کو ہجرت کرنا ہے۔
یہ کلینڈر مسلمانوں کے لیے بہت اہمیت کا حامل ہے، کیونکہ مسلمان اپنے دینی اعمال جیسے روزہ، حج اور دوسری دینی و مذہبی مناسبتیں مانند عیدیں اور سوگ کے ایام کو اسی کلینڈر کی بنیاد پر متعین کرتے ہیں۔
یاد رہے کہ امریکا، آسٹریلیا اور خلیجی ممالک سمیت دیگر ملکوں میں رمضان المبارک کا چاند نظر آئے گیا جس کے بعد وہاں آج سے پہلی تراویح جبکہ کل فرزندان اسلام پہلا روزہ رکھیں گے۔