اسلام آباد : ذوالحج کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا، آج چاند نظر آنے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہے۔
تفصیلات کے مطابق ذوالحج کے چاند دیکھنے کے لئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج طلب کیا گیا ہے۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوگا، جس کی صدارت چئیرمین عبدالخبیر آزاد کریں کریں گے، زونل کمیٹیوں کے اجلاس اپنے اپنے مقامات پر بیک وقت منعقد ہوں گے۔
سپارکو کی جانب سے کہا گیا ہے کہ آج چاند نظر آنے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں کیونکہ 27 مئی کو غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 11 گھنٹے ہوگی۔
سپارکو کا کہنا ہے کہ یکم ذوالحج 29 مئی کو متوقع ہے، اس حساب سے ملک بھر میں عیدالاضحیٰ 7 جون کو ہونے کا امکان ہے۔
مزید پڑھیں : سعودی عرب میں ذوالحج کے چاند سے متعلق ماہر فلکیات کی اہم پیش گوئی
خیال رہے سعودی عرب میں بھی ذوالحج کا چاند دیکھنے کے لیے اجلاس آج منعقد کیا جائے گا، تاہم سعودی ماہر فلکیات کا کہنا ہے کہ آج چاند نظر آنے کا امکان ہے۔
متحدہ عرب امارات کے فلکیاتی مرکز نے بھی اپنے بیان میں کہا ہے کہ آج ذوالحج کا چاند آج نظر آنے کا امکان ہے۔ متحدہ عرب امارات میں عیدالاضحیٰ 6 جون کو ہو سکتی ہے۔
رپورٹس کے مطابق ابوظبی میں چاند دوربین کے ذریعے دیکھا جاسکے گا، عمان، فلسطین کے شہر القدس اور قاہرہ میں چاند آنکھ سے دیکھنا ممکن ہوگا۔