کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان کے استعفے کی افواہ ایک بار پھر پھیل گئی، جس پر جام کمال کو ایک بار پھر ٹوئٹ کر کے تردید کرنی پڑ گئی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ جام کمال نے ٹوئٹ میں افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے استعفی نہیں دیا، افواہیں نہ پھیلائی جائیں۔
بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے بھی بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کے استعفے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔
ایک طرف جہاں ابھی وزیر اعلیٰ ہاؤس میں جام کمال کے ساتھ چیئرمین سینیٹ پاکستان صادق سنجرانی اور وزیر دفاع پرویز خٹک کی کئی گھنٹوں پر مشتمل طویل ملاقات جاری ہے، وہاں ٹوئٹ میں جام کمال نے استعفے کی افواہ کی تردید جاری کر دی ہے۔
I have not resigned and such rumors may not spread.
— Jam Kamal Khan (@jam_kamal) October 23, 2021
ذرائع کا کہنا ہے کہ جام کمال کے ساتھ ملاقات میں وزیر اعلیٰ ہاؤس میں جام کمال کے اتحادی اور چند ساتھی بھی موجود ہیں، ملاقات میں موجودہ بحران پر وزیر اعلیٰ سے تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔
گزشتہ رات جام کمال نے ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ آزاد سمیت 8 اتحادی جماعتوں کے اراکین کی مجموعی تعداد 41 ہے، اور ان میں 80 فی صد ہمارے ساتھ کھڑے ہیں۔
انھوں نے لکھا کہ ہم اپوزیشن کو اس اتحاد کا حصہ کیوں سمجھتے ہیں؟ اگر وہ اس پالیسی پر قائم ہیں تو انھیں اپنے آپ کو بھی اپوزیشن کا حصہ قرار دینا چاہیے۔