دنیا کا اصول ہے کہ کام کرو اور پیسہ لو لیکن ایک کمپنی نے اپنے ملازمین کو بھاگنے دوڑنے پر بونس دینے کا اعلان کیا ہے۔
دنیا بھر میں اُجرت کا ایک ہی مسلمہ اصول ہے کہ محنت کرو اور پیسہ کماؤ اور صدیوں سے یہی اصول رائج ہے لیکن چین میں ایک کمپنی نے اپنے ملازمین کو صرف بھاگ دوڑ کرنے پر تنخواہ کے ساتھ اضافی بونس دینے کا اعلان کیا ہے۔
یہ ہمارے دیرینہ دوست پڑوسی ملک چین کے صوبے گوانگڈونگ میں واقع ایک کمپنی ہے جس نے اپنے ملازمین کو ورزش کرنے پر تنخواہ کے ساتھ ساتھ بونس دینے کی پرکشش آفر کر رکھی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق کاغذ بنانے والی اس کمپنی کا نائم ڈانپو پیپر ہے جس نے اپنے ملازمین کے لیے ورزش کا اصول وضع کیا ہے اور وہ اپنے ہاں کام کرنے والے ہر ملازم کو روزانہ 2 میل دوڑنے پر بونس دیتی ہے۔
کمپنی نے اپنے سال کے آخر میں بونس پروگرام کو ملازمین میں ورزش کو فروغ دینے کے لیے ڈیزائن کیا ہے۔ جس کا مقصد روزانہ کی بنیاد پر ملازمین میں ورزش کو فروغ دے کر انہیں صحت مند رکھنا ہے۔
کمپنی کی پالیسی کے مطابق ایک ملازم مکمل ماہانہ بونس کا اہل اس وقت ہو گا اگر وہ پورے مہینے کم از کم 50 کلومیٹر دوڑ مکمل کر لے گا جبکہ 40 کلومیٹر دوڑنے والے کو بونس کا 60 فیصد اور 30 کلومیٹر دوڑنے پر بونس کا 30 فیصد دیا جائے گا۔