صدر پاکستان اسلامک میڈیکل ایسو سی ایشن ڈاکٹر عبداللہ متقی نے کہا ہے کہ ویکسینیشن سینٹرز پر بڑھتا رش کورونا وائرس کے بڑھنے کا سبب بن سکتا ہے۔
پروفیسر عبداللہ متقی نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت ویکسینیشن سینٹرز کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ کرے اور کچھ عرصہ کے لئے صرف مخصوص ویکسینیشن سینٹرز کے اوقات کار بڑھانے کے بجائے شہر میں قائم تمام ویکسینیشن سینٹرز کو 24 گھنٹے کے لیے کھول دے تاکہ ان مراکز پر بڑھتے ہوئے رش میں کمی آ سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کورونا ویکسینیشن مراکز پر شہریوں کا رش در اصل سم بلاک ہونے اور تنخواہیں روکنے کے لیے دی جانے والی ڈیڈ لائن کی وجہ سے ہے جسے حکومت واپس لے یا اس ڈیڈ لائن کی مدت میں اضافہ کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ ویکسینیشن مراکز پر عوام کا دباؤ کنٹرول سے باہر ہوتا جا رہا ہے اور اس رش کے نتیجے میں کورونا اہس او پیز پر عمل درآمد ممکن نہیں ہو رہا اور خدشہ ہے کہ اس سے کورونا وائرس کی شرح میں مزید اضافہ ہوگا ۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ عوام لاک ڈاؤن جیسے سخت اقدامات ، معاشی مشکلات اور کورونا وائرس سے بچنا چاہتی ہے تو جلد از جلد ویکسینیشن کروائے اور ایس او پیز پر عملدرآمد کرے ۔ اس سلسلے میں عوام کو بھی زمہ داری کا ثبوت دینا ہوگا ۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ سندھ حکومت ویکسینیشن کے عمل میں موجود خامیوں کو دور کرے تاکہ عوام کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔