اسلام آباد ایئرپورٹ پر پروازوں اور مسافروں کے رش کے حوالے سے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے وضاحت جاری کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سی اے اے نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فوگ کے باعث ڈائیورٹڈ فلائٹس کا دباؤ ہے، جس کی وجہ سے رش ہونا فطری بات ہے۔
سی اے اے ترجمان نے کہا کہ ایئرپورٹ پر ناقص انتظامات کی وجہ سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا جیسی خبروں میں صداقت نہیں ہے، اس وقت ایئرپورٹ ڈائیورٹڈ اور شیڈولڈ فلائٹس دونوں آپریٹ کر رہا ہے، اور فوگ کے باعث فلائٹس ڈائیورژن، تاخیر اور مؤخری سے غیر معمولی حالات پیدا ہوئے ہیں۔
ترجمان نے کہا ڈائیورٹڈ ڈیپارچر اور ارائیول فلائٹس آپریٹ ہونے کے باعث رش کا ہونا ایک فطری عمل ہے، تاہم ایئرپورٹ انتظامیہ قدرے مشکل حالات سے منصوبہ بندی کے تحت نمٹ رہی ہے، اور ایئرپورٹ ہر طرح کی صورت حال سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔
واضح رہے کہ پنجاب میں دھند کے باعث اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافروں کا غیر معمولی رش لگا ہوا ہے، دیکھا گیا کہ دھند کی وجہ سے پروازوں کا رخ اسلام آباد ہونے کے باجود مسافروں کے لیے خاطر خواہ انتظامات نہیں کیے جا سکے، جس کی وجہ سے ایئرپورٹ کے بیرون اور اندرون ملک روانگی و آمد کے لاؤنجز میں مسافروں کا غیر معمولی رش لگ گیا۔
ملتان اور لاہور میں شدید دھند، فضائی آپریشن شدید متاثر
مسافروں کو سامان کے بروقت حصول میں مشکلات پیش آ رہی ہیں، کنوینئر بیلٹ پر سامان تاخیر سے لوڈ ہونے کی شکایات بھی سامنے آئیں، جدہ، ریاض اور دوحا سمیت مختلف ملکوں سے آنے والے مسافر ایئرپورٹ پر انتظار کی سولی پر لٹک کر رہ گئے، دوسری طرف مسافروں کو لینے کے لیے آنے والے افراد کا بھی رش لگ گیا۔
تاہم ترجمان سی اے اے کا کہنا ہے کہ خراب موسم کے باعث دیگر ایئر پورٹس سے اسلام آباد پہنچنے والی پروازوں کے باعث دباؤ کا سامنا ہے، اور اس صورت حال سے بہتر انداز سے نمٹنے کے انتظامات کیے جا چکے ہیں۔