ماسکو: روس نے آئندہ ماہ ملک بھر میں دس روزہ عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کرونا وبا پر قابو پانے، اور دوسری جنگ عظیم میں روس کی تاریخی فتح کا جشن منانے کے لیے روس میں آئندہ ماہ مئی میں 10 روزہ عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔
ماسکو میں روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے ہیلتھ ایجنسی کے سربراہ کے ہمراہ انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ دس روزہ عام تعطیل پر عمل درآمد مئی کے مہینے میں کیا جائے گا، اگر روسی ہیلتھ ایجنسی نے تعطیل کی حمایت کی تو آرڈیننس جاری کر دیں گے۔
ولادی میر پیوٹن نے وبا کے خاتمے کے لیے لوگوں کو کرونا ویکسین لگوانے کی ترغیب بھی دی، انھوں نے کہا کہ عوام بڑھ چڑھ کر ویکسین لگوائیں تاکہ اس عالمی وبا کا خاتمہ جلد سے جلد ممکن ہو سکے۔
واضح رہے کہ روس کرونا کیسز کی تعداد کے لحاظ سے دنیا میں پانچویں نمبر پر ہے، جہاں اب تک 1 لاکھ 7 ہزار 900 اموات ہو چکی ہیں، جب کہ مجموعی کیسز کی تعداد 47 لاکھ 53 ہزار ہے۔
تاہم روس میں اس وقت کرونا وائرس کی صورت حال قابو میں ہے، جس میں روس کی تیار کردہ کرونا ویکسینز کا کلیدی کردار بتایا جاتا ہے۔