ماسکو: روسی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ روس 9 مئی تک یوکرین جنگ ختم کرنے کا خواہاں نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاؤروف کا کہنا ہے کہ 9 مئی کو ماسکو کی یوم فتح کی تقریبات سے یوکرین میں اس کی کارروائیوں کی رفتار پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لاؤروف نے اتوار کو اصرار کیا کہ ماسکو ‘وکٹری ڈے’ کے موقع پر اپنے خصوصی فوجی آپریشن کو سمیٹنے میں جلدی نہیں کرے گا۔
خیال رہے کہ یوم فتح کے موقع پر نازی جرمنی کی اتحادی افواج کے سامنے ہتھیار ڈالنے کا جشن منایا جاتا ہے، 1945 میں اس وقت کا سوویت یونین بھی اتحاد میں شامل تھا۔
روس نے بڑے خطرے سے خبردار کر دیا
انھوں نے واضح کیا کہ روسی فوج اپنی کارروائیوں کو وکٹری ڈے سمیت کسی بھی تاریخ کے ساتھ مصنوعی طور پر ایڈجسٹ نہیں کرے گی، کیوں کہ یوکرین میں آپریشن کی رفتار کا انحصار شہری آبادی اور روسی فوجی اہل کاروں کے لیے ہر خطرے کے خاتمے کی ضرورت پر ہے۔
عام طور سے یوم فتح کے موقع پر صدر ولادیمیر پیوٹن اپنی تقریر میں یورپ میں فاشزم کی شکست میں روس کے اہم کردار کو سراہتے ہیں، لیکن اس سال کی تقریبات یوکرین میں ماسکو کی فوجی مہم کے پس منظر میں منعقد ہوں گی، جسے پیوٹن نے اس دعوے کے ساتھ درست قرار دیا ہے کہ یوکرین کو ‘ڈی نازیفیکیشن’ کی ضرورت ہے۔
لاؤروف نے کہا ہم ہمیشہ کی طرح 9 مئی کو پوری سنجیدگی سے منائیں گے، اور ان لوگوں کو یاد رکھیں گے جو روس اور سابقہ سوویت یونین کی آزادی کے لیے یورپ کو نازی طاعون سے نجات دلانے کے لیے اپنی جانیں قربان کر گئے۔