روس نے نئی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ یوکرین کی فضاؤں میں بیرونی ممالک سے آپریٹ ہوتے ایف سولہ طیارے بھی ہمارا جائز ہدف ہوں گے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے خبردار کیا ہے کہ روس امریکی ساختہ ایف سولہ طیاروں کو تباہ کرنے سے دریغ نہیں کرے گا چاہے وہ یوکرین سے باہر کے ہوائی اڈوں سے آپریٹ ہو رہے ہوں۔
ماسکو میں بریفنگ کے دوران زاخا رووا نے کہا کہ روس کو معلوم ہے کہ مغرب جلد ہی یوکرین کو جدید لڑاکا طیارے فراہم کرے گا، جن کی پہلی ترسیل اگلے سال متوقع ہے۔ تاہم آئندہ ایف سولہ کی فراہمی نیٹو کو یوکرین کے تنازع میں مزید الجھنے کا باعث بنے گی۔
اس موقع پر ترجمان روسی وزارت خارجہ نے کہا کہ یوکرین کے فوجی اڈے کے بنیادی ڈھانچے کا ایک اہم حصہ تباہ ہو چکا ہے اور ہو سکتا ہے کہ اب وہ امریکی لڑاکا طیاروں ایف سولہ کو ملک سے باہر ہوائی اڈوں سے آپریٹ کریں بشمول پولینڈ، سلوواکیہ اور رومانیہ سے مگر ہم یہ بات واضح کرنا چاہتے ہیں کہ یہ طیارے جہاں سے بھی آپریٹ ہوں روس کا جائز ہدف ہوں گے۔
زاخارووا نے مزید کہا کہ کیف کو اسلحہ بھیج کر امریکی زیر قیادت فوجی بلاک درحقیقت یوکرین کو بچانے کی آڑ میں روس کے خلاف ہائبرڈ جنگ چھیڑ رہا ہے۔ یاد رہے یوکرین نے طویل عرصے سے مغرب سے جدید طیاروں کی درخواست کر رکھی ہے۔