ماسکو: روسی صدر کی صاحبزادی کترینہ کی زیرملکیت کمپنی نے ویڈیوشیئرنگ موبائل ایپلیکیشن ٹک ٹاک کی ٹکر پر ایپ لانے کا اعلان کردیا۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق صدر پیوٹن کی صاحبزادی کی زیر ملکیت سب سے بڑی میڈیا کمپنی گیزپروم نے ٹک ٹاک کے مقابلے میں ’یامولودتس‘ نامی ایپ متعارف کرنے کا اعلان کیا۔
رپورٹ کے مطابق یہ کمپنی حکومت کے ماتحت کام کررہی ہے جسے سب سے بڑی توانائی کمپنی ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔
گیزپروم کے ماہرین نے معروف چینی ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک کی طرز پر مختصر ویڈیو شیئر کرنے والی ایپ تیار کی ہے جس کی آزمائش شروع کردی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ ایپ آئندہ سال کے اوائل میں باقاعدہ متعارف کرادی جائے گی، پہلے مرحلے میں صرف روسی شہری ہی اسے استعمال کریں گے، اگر تجربہ کامیاب رہا تو اس کے دائرہ کار کو بڑھایا جائے گا۔
کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ایلیگژنڈر ہاروف کا کہنا تھا کہ ’یہ ایپ پیوٹن کی 34 سالہ صاحبزادی کترینہ تیخونوف کی زیرملکیت کمپنی نے فاؤنڈیشن کے ساتھ مل کر تیار کی ہے‘۔
انہوں نے بتایا کہ یہ ایپ بلاگر اور صحافیوں کے لیے مفید ثابت ہوگی اور وہ بالکل ٹک ٹاک کی طرح ویڈیوز بنا کر اس پر شیئر کرسکیں گے۔