عالمی سطح پر بھارت کے جارحیت پر مبنی بیانیے کو تمام بڑے ممالک نے مسترد کردیا، پہلگام واقعے کے بعد ہر کوشش کے باوجود بھارت سفارتی سطح پر ناکام ہوگیا۔
پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد بھارت سفارتی سطح پر تنہائی کا شکار ہوچکا ہے، روسی وزیر خارجہ نے بھارت کو پاکستان کیساتھ بات چیت سے معاملات حل کرنے کا مشورہ دیا ہے، خطے کی صورتحال پر پاکستان اور روس کا رابطہ ہوا، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی روسی وزیرخارجہ سرگئی لاوروف سے ٹیلیفونک گفتگو ہوئی۔
روسی وزیرخارجہ نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے گفتگو میں کہا کہ فریقین کو اشتعال انگیزی سے بچتے ہوئے تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
ترجمان دفترخارجہ نے بتایا کہ روسی وزیرخارجہ نے خطے کی صورتحال پر اظہار تشویش کیا، روسی وزیرخارجہ نے مسائل کے حل کیلئے سفارتکاری کی اہمیت پر زور دیا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے علاقائی امن کیلئے پاکستان کےعزم کا اعادہ کیا، اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور قومی مفاد کا ہرحال میں تحفظ کریگا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کی طرف سے بین الاقوامی، شفاف اور آزادانہ تحقیقات کی پیشکش کا اعادہ کیا گیا۔
پاک روس وزرائےخارجہ نے دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیشرفت پر بھی بات کی، پاک روس وزرائے خارجہ نے تمام شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کا اعادہ بھی کیا۔
دریں اثنا امریکا اور یورپی یونین بھی بھارت کو کہہ چکے پاکستان سے معاملات بات چیت سے حل کیے جائیں، سوئٹزرلینڈ نے بھی پہلگام واقعہ کی تحقیقات میں مدد فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے۔