ماسکو: روس نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے نئے ہائپر سونک اینٹی شپ کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے، روسی صدر نے کہا ہے کہ ایسے ہتھیار سے ہماری ریاست کی دفاعی صلاحیتوں کو فروغ ملے گا۔
بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق روسی فوج کا کہنا تھا کہ منگل کی صبح بحر اسود میں ایڈمرل گورشکوف فریگیٹ نے سرکون میزائل فائر کیا جس نے اپنے ہدف کو کامیابی کے ساتھ نشانہ بنایا۔
روسی فوج کے جنرل اسٹاف کے سربراہ والری گراسیموف نے روسی صدر ولادی میر پیوٹن کو بتایا کہ یہ پہلا موقع تھا جب میزائل نے سمندر پر کسی ہدف کو کامیابی کے ساتھ نشانہ بنایا تھا۔
والری گراسیموف نے بتایا کہ اس میزائل برنٹس سمندر میں 450 کلومیٹر کے فاصلے پر اپنے ہدف کو مارا اور ماک 8 کی رفتار کو چھوا جو آواز کی رفتار سے 8 گنا زیادہ ہے۔
روسی صدر ولادی میر پیوٹن کا کہنا تھا کہ سرکون کی آزمائشی فائرنگ نہ صرف ہماری مسلح افواج کی زندگی میں بلکہ پورے روس کے لیے ایک عظیم واقعہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے ہتھیار سے ہماری ریاست کی دفاعی صلاحیتوں کو فروغ ملے گا۔