روس اور امریکا نے سعودی عرب میں یوکرین سے متعلق مذاکرات کی تصدیق کردی ہے، یورپی رہنماؤں میں اس سلسلے میں تشویش پائی جاتی ہے۔
غیرملکی خبرایجنسی کے مطابق یوکرین سے متعلق امریکا اور روس کے درمیان امن مذاکرات پر اجلاس ہونے جارہا ہے، امریکا اور روس کے درمیان تعلقات کی بحالی نے یورپی رہنماؤں میں تشویش کو جنم دیدیا، دونوں ممالک نے تصدیق کی کہ رواں ہفتے سعودی عرب میں ملاقات ہوگی۔
ملاقات میں یوکرین جنگ کے خاتمے پر بات چیت کی جائےگی، امریکی محکمہ خارجہ اور کریملن نے تصدیق کی کہ پیر کو سعودی عرب کا دورہ کرینگے۔
ترجمان کریملن کے مطابق روسی وزیرخارجہ سعودی عرب کا دورہ کرنے جارہے ہیں، یورپی رہنما پیرس میں ہنگامی اجلاس کرنے والے ہیں تاکہ واشنگٹن کی پالیسی پرردعمل دیں، سربراہ یورپی یونین نے کہا کہ یورپ کی سلامتی ایک ٹرننگ پوائنٹ پر ہے، ہمیں دفاع پر توجہ دینا ہوگی۔
یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہا کہ امریکا اور روس کے درمیان مذاکرات کا حصہ نہیں، امریکا اور روس کے درمیان کوئی معاہدہ ہوتا ہے تو تسلیم نہیں کرینگے۔
مذاکرات کے حوالے سے یوکرینی صدر نے مزید کہا کہ ایسے مذاکرات قبول نہیں کرینگے جس میں ہمیں شامل نہ کیا جائے۔
برطانوی وزیراعظم نے کہا کہ یوکرین سے متعلق کوئی بھی معاہدہ منصفانہ اور پائیدار ہونا چاہیے، امریکی ہاؤس اسپیکر نے کہا کہ مغرب تب ہی آگے بڑھ سکتا ہے جب ممالک قومی مفادات کو ترجیح دیں۔