ماسکو : روس نے اپنی تیارکردہ کورونا ویکسین کی منظوری کیلئے عالمی ادارہ صحت سے رجوع کرلیا، ماسکو کے گیمیلیا انسٹیٹیوٹ میں تیار کی جانے والی اسپوتنک وی ویکسین کو مکمل طور پر کارآمد بتایا گیا ہے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے ذریعہ حاصل کردہ تنظیم کی دستاویز کے حوالے سے اطلاع دی گئی ہے کہ کورونا وائرس کے خلاف روسی اسپوتنک وی ویکسین کی منظوری کے لئے درخواست عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کو پیش کی جاچکی ہے۔
ذرائع کے مطابق ابھی تک اس ویکسین کے اندراج کی تصدیق کا حتمی وقت معلوم نہیں ہوسکا ہے، دستاویز کے مطابق ڈبلیو ایچ او آنے والے ہفتوں یا مہینوں میں متعدد ممالک کے مینوفیکچررز سے مزید ویکسین منظور کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
علاوہ ازیں غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی کوریا کی ایس کے بائیو سائنس کے ذریعہ تیار کردہ ویکسین منظور کی گئی ہے جس کی رجسٹریشن فروری کے آخری ہفتے میں متوقع ہے۔
یاد رہے کہ عالمی ادارہ صحت کے مطابق دنیا بھر میں اس وقت کورونا وائرس کے خلاف کامیاب ویکسین تیار کرنے کے لیے 100سے زیادہ مقامات پر کوششیں جاری ہیں ان میں سے چار مقامات پر ویکسین انسانوں کے استعمال کے ٹیسٹ کے آخری مرحلے میں ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی گزشتہ رپورٹ کے مطابق روس کی جانب سے کورونا ویکسین کی تیاری کے دعوؤں پر امریکہ اور یورپ میں طبی ماہرین اور میڈیا نے سوالات اٹھائے ہیں۔
گزشتہ ماہ امریکہ کے صفِ اول کے ماہرِ وبائی امراض ڈاکٹر انتھونی فاؤچی نے چین اور روس میں ویکسین کی تیز تر تیاری کی کوششوں میں آزمائش کے حوالے سے اپنے شکوک و شبہات کا اظہار کیا تھا۔
مزید پڑھیں : یورپی ممالک روسی ویکسین حاصل کرنے کی دوڑ میں
عالمی ادارہ صحت کے ترجمان کرسچن لنڈ میئر نے بھی ایسے ہی خیالات کا اظہار کرتے ہوئے چار اگست کو میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ کبھی کبھی انفرادی محقق دعویٰ کرتے ہیں کہ انہیں کچھ مل گیا ہے جو کہ ظاہر ہے بڑی خبر ہوتی ہے مگر ممکنہ طور پر کسی کارآمد ویکسین کے بارے میں صرف کوئی کلیہ مل جانا اور تمام مراحل سے گزرنے میں بڑا فرق ہے۔