کیف: یوکرین کے شہروں پر روسی میزائل حملوں کی تازہ لہر میں کم از کم 25 شہری ہلاک ہو گئے ہیں۔
الجزیرہ کے مطابق جمعہ کو علی الصبح یوکرین کے دنیپرو اور اُمان شہروں پر دو مہینوں میں پہلی بار بڑے پیمانے پر فضائی حملے کیے گئے۔
اُمان کے وسطی قصبے میں ایک رہائشی اپارٹمنٹ بھی روسی میزائل کی زد میں آ گیا، جس سے عمارت کا ایک حصہ ملبے کے ڈھیر میں تبدیل ہو گیا اور عمارت میں آگ لگ گئی، فائر فائٹرز نے کئی گھنٹے کی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پایا۔
امدادی کارکن ملبے کے ایک بڑے ڈھیر تلے دبے زندہ بچ جانے والوں اور لاشوں کی تلاش کرتے رہے، حکام نے بتایا کہ عمارت میں کم از کم 23 شہری مارے گئے ہیں جن میں 4 بچے بھی شامل ہیں۔
ڈونیسٹک میں فوجی بس پر فائرنگ کے نتیجے میں 7 یوکرینی اہل کار مارے گئے، خبر رساں ادارے کے مطابق باخموت میں بھی جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے، دوسری جانب روسی حکام کا کہنا ہے کہ یوکرین نے ڈرون کے ذریعے کریمیا کے قریب سیواستوپول شہر میں ایک آئل ٹرمینل کو نشانہ بنایا ہے، جہاں روسی بحیرہ اسود کے بحری بیڑے کا ایک دستہ مقیم ہے۔
الجزیرہ کے چارلس اسٹریٹ فورڈ نے کیف سے رپورٹنگ کرتے ہوئے کہا کہ یوکرین کی حکومت کے مطابق یہ حملہ 23 کروز میزائلوں اور کامیکاز ڈرون کے ذریعے کیا گیا، چند میزائل مبینہ طور پر بحیرہ کیسپین سے لانچ کیے گئے تھے۔ رپورٹر نے کہا کہ یہ حملے ظاہر کرتے ہیں کہ روس جب اور جہاں چاہے اس ملک میں اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
Listen to horrors Russia brought to Ukraine's city of Uman this morning pic.twitter.com/65K0rV0mXx
— Giorgi Revishvili (@revishvilig) April 28, 2023
مارچ کے اوائل کے بعد سے یہ روسی میزائل حملوں کی پہلی لہر تھی، روس نے اس طرح کے حملے زیادہ تر موسم سرما میں تقریباً ہفتہ وار کیے تھے، لیکن موسم بہار کے آتے ہی وہ کم ہو گئے، مغربی ممالک نے کہا کہ ماسکو کے پاس میزائل ختم ہو رہے ہیں۔ ماسکو نے کہا ہے کہ اس کے حملوں کے اہداف یوکرین کے ریزرو فوجیوں کے ٹھکانے تھے، جن پر اس نے کامیابی سے حملہ کیا اور انھیں محاذ تک پہنچنے سے روک دیا۔
علاقائی گورنر سرہی لائساک نے میڈیا کو بتایا کہ جنوب مشرقی شہر دنیپرو میں بھی ایک میزائل نے ایک گھر کو نشانہ بنایا، جس سے ایک دو سالہ بچہ اور ایک 31 سالہ خاتون ہلاک ہو گئی، دارالحکومت کیف بھی صبح سویرے دھماکوں سے لرز اٹھا تھا اور کئی افراد زخمی ہوئے۔
واضح رہے کہ کیف نے کہا ہے کہ اس نے اپنی مقبوضہ زمین دوبارہ حاصل کرنے کے لیے ایک بڑا حملہ کرنے کی تیاری مکمل کر لی ہے۔ الجزیرہ کا کہنا ہے کہ یوکرین میں اب جنگ ایک اہم موڑ پر آ رہی ہے، موسم سرما میں زبردست روسی حملوں کے باوجود روس نے بہت کم یوکرینی زمین پر قبضہ کیا، اور اب کیف مغرب کی طرف سے بھیجے گئے سینکڑوں ٹینکوں اور بکتر بند گاڑیوں کا استعمال کرتے ہوئے جوابی کارروائی کی بھرپور تیاری کر چکا ہے۔