اسلام آباد:روسی سفیر الگژے دیدوو کا کہنا ہے کہ پاک فوج کے ہوا بازوں نے جان خطرے میں ڈال کر روسی کوہ پیما کو بچایا، پاک فوج اور پاکستانیوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں روسی سفیر الگژے دیدوو نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روسی کوہ پیما کی جان بچانے پر پاکستان کے شکر گزار ہیں۔
روسی سفیر کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے ہوابازوں نے جان خطرے میں ڈال کر روسی کو بچایا، پاک فوج اور پاکستانیوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔
الگژے دیدوو نے کہا کہ ماضی کے مقابلے میں آج پاکستان روس کا کلیدی شراکت دار ہے، خلائی سائنس، انسداد دہشت گردی ،افغان امن میں تعاون کی گنجائش ہے، انسداد دہشت گردی اقدامات پر روس پاکستان کے ساتھ ہے۔
مزید پڑھیں : پاک فوج کے پائلٹس نے روسی کوہ پیما کو بچالیا،آئی ایس پی آر
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاک روس سیاسی مذاکراتی عمل تیزی سے پروان چڑھ رہے ہیں۔
یاد رہے کہ گذشتہ روز فوج کے پائلٹس نے شمالی علاقہ جات میں لتوک چوٹی پر پھنسے روسی کوہ پیماء کو بچایا تھا، الیگزینڈرگوف 20 ہزار650 فٹ کی بلندی پر پچیس جولائی سے پھنسا ہوئے تھے۔
روسی کوہ پیما کوچوٹی سے نکال کر سی ایم ایچ منتقل کردیا گیا، جہاں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے روسی کوہ پیما کی عیادت کی تھی۔