ماسکو: روسی وزیر برائے ہنگامی حالات یوگنی زینیچف نے ایک کیمرہ مین کو بچاتے ہوئے جان دے دی۔
تفصیلات کے مطابق روسی صدر ولادی میر پیوٹن کی سیکیورٹی میں خدمات انجام دینے والے ایک روسی وزیر آرکٹک سول ڈیفنس مشقوں کے دوران بدھ کو ایک انسانی جان بچاتے ہوئے ہلاک ہو گئے۔
55 سالہ زینیچف وزیر برائے ایمرجنسی حالات تھے، نارلسک ایریا میں جاری سول ڈیفنس مشقوں کے دوران ایک روسی ٹی وی کے کیمرہ مین کو بچاتے ہوئے جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
روسی ٹی وی کی سربراہ مارگریٹا سیمونیان نے بتایا کہ یوگنی زینیچف اور کیمرہ مین 63 سالہ الیگزینڈر میلنک انٹرویو کے دوران پہاڑ کی چوٹی کے کنارے پر تھے، جب الیگزینڈر چوٹی سے پھسل کر نیچے پانی میں جا گرا۔
مارگریٹا کے بیان کے مطابق کیمرہ مین کی جان بچانے کے لیے زینیچف نے بھی پانی میں چھلانگ لگا دی، لیکن بدقسمتی سے ایک چٹان سے ٹکرانے کی وجہ سے وہ بھی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
رپورٹس کے مطابق کیمرہ مین اور فلم ڈائریکٹر الیگزینڈر کی جان بھی نہیں بچائی جا سکی، روسی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ شمالی سائبیریا میں کٹابو اورن آبشار پر پیش آیا۔
18 مئی 2018 کو ایمرجنسی وزیر مقرر ہونے والے زینیچف کی ناگہانی موت کے بارے میں روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے بیان دیتے ہوئے اسے ناقابل تلافی ذاتی نقصان قرار دیا۔