لندن: برطانیہ میں سابق روسی جاسوس اور ان کی بیٹی پرقاتلانہ حملے کی تحقیقات کے لیے فوج کا خصوصی دستہ طلب کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق برطانوی شہر سالسبری میں 66 سالہ سابق روسی جاسوس سرگئی اسکریپل اور ان کی بیٹی یولیا اسکریپل کو زہر دے کر قتل کرنے کی کوشش کی گئی۔
سابق روسی جاسوس سرگئی اسکریپل اور ان کی 33 سالہ بیٹی یولیا کو حملے کے بعد اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت تشویش ناک بتائی جائی ہے۔
برطانوی پولیس کا کہنا ہے کہ سابق روسی جاسوس اور ان کی بیٹی کو اعصاب متاثر کرنے والے کیمیکل مواد سے نشانہ بنایا گیا ہے۔
دوسری جانب برطانوی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کے لیے 180 فوجیوں کو متاثرہ علاقے میں تعینات کیا گیا ہے جنہوں نے متاثرہ علاقے کو حصار میں لے کر وہاں فرانزک ٹیسٹ شروع کردیے ہیں تاکہ حملے کے ذمہ داروں کا تعین کیا جاسکے۔
برطانوی وزارت دفاع کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ فوجی اہلکاروں کی متاثرہ علاقے میں موجودگی سے شہریوں کو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔