لاہور: وفاقی وزیرِ ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ سب سے بڑےلیڈرکےچہرے پر دھول پھینکنے کی سازش ہورہی ہے‘ تمام تجربے کرلیے اب جمہوریت چلنے دیں۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے یومِ تکبیر کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مخالفین کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ملک کی سیاست کونومولودسیاسی کھلاڑی نقصان پہنچارہے ہیں‘ میں پھر کہتا ہوں عمران خان آگ سے کھیل رہے ہیں۔
سعد رفیق کا کہنا تھا کہ برسوں ہم نے گالیاں سنیں لیکن جواب نہیں دیا‘ ہم جانتے ہیں کہ ہمیں ایک سازش کے تحت رسوا کیا جارہاہے۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے فیصلہ کرلیا ہے کہ پاکستان اب معاشی دھماکا کرے گا۔
وفاقی وزیرِ ریلوے کا کہنا تھا کہ نوازشریف کو کام کرنے دیا جاتا تو غربت کے اندھیرے چھٹ گئےہوتے‘ آج گوادر کو دیکھتے ہوئے دنیا پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے آرہی ہے۔
تحریک انصاف کی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کا کہناتھا کہ خیبرپختونخواہ نے3سال میں کتنی بجلی پیداکی، ان کےپاس کوئی جواب نہیں ہے لیکن پنجاب نے کتنی بجلی پیدا کی ہمارے پاس جواب ہے۔
پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین آصف علی زرداری کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کراچی کو کچرے کے ڈھیر میں بدل دیا، سندھ کھنڈر بن گیا ہے۔
ہمیں زرداری صاحب کی پنجاب میں آمد سےفائدہ پہنچتا ہے‘ زرداری صاحب سندھ کی حالت بہتر کریں‘ آئیں مل کرکام کریں۔ الزامات کی سیاست اور جھوٹ بولنا بند کریں تاکہ ملک آگے بڑھے۔
وفاقی وزیرِ ریلوے نے یہ بھی کہا کہ آج ادارے یکسو ہیں تو بعض لوگوں کو اچھا نہیں لگتا ‘ ملک کو مضبوط کرنا ہے ایک دوسرے کی تضحیک سے باز آنا پڑےگا۔ ملک میں تمام تجربے کرکے دیکھ لئےگئے اب جمہوریت چلنےدیں۔
اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پرشیئرکریں۔