وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے وزارت ریلوے کا چارج سنبھال لیا۔
چیئرمین، سیکرٹر ی ریلویزسید خالد گردیزی ایڈیشنل سیکرٹری، سیکرٹر ی ریلوے بورڈ مظہر علی شاہ، سی ای او ظفر زمان رانجھا ودیگر اعلیٰ عہدایدان نے استقبال کیا۔
وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے ریلوے کا چارج سنبھالنے کے بعد ٹرین آپریشن کے تحفظ کے حوالے سے وزارت ریلوے میں ایک خصوصی اجلاس کی صدارت کی جس میں انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ مسافروں کا تحفظ اور ان کو بہترین سہولیات فراہم کرنا ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
وفاقی وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق کو سیکرٹری، چیئرمین ریلویز سید خالد گردیزی اور ڈائریکٹر جنرل آپریشنز وزارت ریلوے کی جانب سے ٹرین آپریشنز اور حفاظتی اقدامات کے حوالے سے مکمل بریفنگ دی گئی۔
وزیر ریلوے سعد رفیق نے کہا کہ مسافروں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے اور اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کسی بھی حادثے سے بچنے کیلئے نگرانی کے آلات نصب کرنے پر بھی زور دیا۔ وفاقی وزیر نے تمام ڈویژنل افسران کو ہدایات جاری کیں کہ وہ مسافروں کے تحفظ کے ساتھ ساتھ عوامی آگاہی کو یقینی بنائیں۔اس موقع پر وزارت ریلویز کی ممبر فنانس کاشف احمد نورنے وفاقی وزیر ریلوے کو ادارے کی مالی صورتحال کے بار ے میں آگاہ کیا۔
وفاقی وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق نے پاکستان ریلوے کو ایک مستحکم اور متحرک ادارہ بنانے کیلئے اس کی آمدنی میں اضافے اور اخراجات میں کمی لانے پر زور دیا۔انشا اللہ وزارت ریلوے اور پاکستان ریلوے میں کام کی بہترین کارکردگی کا تسلسل برقرار رہے گا ۔