اسلام آباد : ترجمان دفترخارجہ نے سارک سربراہ کانفرنس ملتوی ہونے کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سارک کانفرنس میں عدم شرکت مودی کےغربت کے خلاف اعلان کی نفی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نومبر میں اسلام آباد میں ہونی والے سارک سربراہ کانفرنس ملتوی ہونے کا پاکستان نےباضابطہ طور پراعلان کردیا ہے.
سارک سربراہ کانفرنس ملتوی ہونے کا باضابطہ اعلان ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا کی جانب سے کیا گیا۔ دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ سارک سربراہ کانفرنس کی نئی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے گا۔
وزیراعظم نوازشریف نے بھی نیپالی ہم منصب کو کانفرنس کے التوا سے آگاہ کر دیا ہے۔ وزیر اعظم نوازشریف نے کہا کہ پاکستان نئی تاریخ پر سارک رکن ممالک کی شرکت چاہتا ہے۔
وزیر اعظم نوازشریف کا مؤ قف ہے کہ سارک کانفرنس میں عدم شرکت مودی کے غربت کے خلاف اعلان کی نفی ہے۔ بھارت اڑی واقعے کے بے بنیاد مفروضے پرکانفرنس سے الگ ہوا جس کا مقصد کشمیر سے دنیا کی توجہ ہٹانا ہے۔
ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان سارک تنظیم کو بڑی اہمیت دیتا ہے لیکن بھارت کے شرکت نہ کرنے کے فیصلے سے سارک کا عمل رکا اور کانفرنس سے متعلق بھارتی رویہ افسوسناک ہے جب کہ کسی بھی ملک کی جانب سے دو طرفہ معاملات کو سارک فورم پر لانا چارٹر کی خلاف ورزی ہے جس کی مذمت کرتے ہیں۔