شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ صبا فیصل کا کہنا ہے کہ والد کے سامنے شادی سے انکار کرنے کی ہمت نہیں تھی۔
اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام ’گڈ مارننگ پاکستان‘ میں اداکارہ صبا فیصل نے بہن فرح کے ساتھ شرکت کی اور نجی زندگی سے متعلق اظہار خیال کیا۔
ندا یاسر نے صبا فیصل سے پوچھا آپ کو بڑی بہن ہونے کے کیا فائدہ اور نقصان ہوئے؟
انہوں نے کہا کہ ’مجھے تو فائدے ہی فائدے ہوئے ہیں، مجھے محبت کرنے والی بہنیں ملیں اور بہت خیال رکھتی تھیں۔
چھوٹی بہن فرح نے بتایا کہ میرے ساتھ صبا نے بڑے ہونے کا بہت رعب جمایا ہے، صبا کہتی ہیں کہ یہ کرو، وہ کرو، اس دوران میرے بڑے بھائی پیچھے آتے تھے کہ صبا میرے ساتھ زیادتی تو نہیں کررہیں۔
انہوں نے بتایا کہ صبا کا ابھی تک رعب ہے جب میرے گھر لاہور آتی ہیں تو کہتی ہیں کہ اب تم نے کراچی آنا ہے اور تین دن تک میرے گھر رکنا ہے۔
صبا فیصل نے بتایا کہ فرح جب 17 سال کی تھیں تو ان کی شادی ہوگئی تھی، میری شادی ہورہی تھی اس دوران پھوپھو آگئی اور کہنے لگیں کہ میری طبیعت بہت خراب مجھے فرح کا رشتہ دے دو۔
اداکارہ نے بتایا کہ والد نے بہن کو منع نہیں کیا اور رشتہ پکا ہوگیا، سارے بھائی کہنے لگے تم انکار کردو لیکن اتنی ہمت نہیں تھی کہ والد کے سامنے جاکر منع کردیں۔