شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ صبا فیصل نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں 15 دن کے لے اینکر کی نوکری سے نکال دیا گیا تھا۔
سینیئر اور معروف اداکارہ صبا فیصل کا شمار پاکستان کی سینئر اور نامور اداکارؤں میں کیا جاتا ہے لیکن صبا فیصل شروع سے ہی اداکارہ نہیں تھیں بلکہ وہ ماضی کی ایک معروف نیوز اینکر کے فرائض بھی سرانجام دے چکی ہیں۔
صبا فیصل حال ہی میں نجی ٹی وی کے شو میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے اپنے کیریئر سمیت شوبز کے معاملات پر بھی کھل کر بات کی۔
اداکارہ نے پروگرام میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ میٹرک کرنے کے بعد ہی وہ میڈیا انڈسٹری میں آ گئی تھیں۔ان کے مطابق میٹرک کرنے کے بعد انہوں نے بطور استاد ملازمت شروع کی، جہاں ایک اسٹیج اداکارہ کی بھانجی پڑھتی تھیں اور مذکورہ اداکارہ ہی انہیں پہلی بار پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) لے گئی تھیں۔
صبا کے مطابق انہوں نے 1981 میں اناؤنسر کا آڈیشن دیا اور ان کے ساتھ دیگر 24 لڑکیاں بھی تھیں لیکن صرف انہیں منتخب کیا گیا۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ اناؤنسر بننے کے بعد انہوں نے نیوز کاسٹنگ شروع کردی اور 1990 کی دہائی میں جب بھارتی وزیر اعظم اندر کمار گجرال پاکستانی دورے پر آئے تو انہوں نے مسلسل ان کا نام غلط پڑھا۔
ان کے مطابق انہوں نے خبروں میں بھارتی وزیر اعظم کو انور کمار گجرال پڑھا اور مجموعی طور پر انہوں نے 17 بار ان کا نام غلط لیا، جس پر انہیں 15 دن کے لیے معطل کردیا گیا تھا۔