جمعہ, نومبر 22, 2024
اشتہار

اچھوتا موضوع اور جاندار مکالمے: صبا قمر نے ٹیکسی ڈرائیور بن کر سب کو حیران کردیا

اشتہار

حیرت انگیز

اے آر وائی ڈیجیٹل پر نشر ہونے والے ڈرامے سر راہ کی پہلی قسط نے تہلکہ مچا دیا، قسط کے نشر ہوتے ہی اس کے مختلف کلپس اور سینز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئے اور لوگوں نے انہیں بے حد سراہا۔

اے آر وائی ڈیجیٹل کی نئی پیشکش سر راہ 4 فروری کی شب رات 9 بجے پیش کی گئی جس کے انوکھے موضوع نے ناظرین کو ٹی وی اسکرینز کے سامنے جمے رہنے پر مجبور کردیا۔

اچھوتے اور منفرد موضوع، بامعنی مکالموں اور صبا قمر کی جاندار اداکاری کے سبب پہلی ہی قسط نے ٹی وی ناظرین کی توجہ اپنی طرف کھینچ لی۔

- Advertisement -

ڈرامے کے مصنف عدیل رزاق ہیں جبکہ اسے احمد بھٹی نے ڈائریکٹ کیا ہے، ڈرامے میں مختلف خواتین کی کہانی دکھائی گئی ہے جو معاشرے میں صنفی تعصب پر مبنی سوچ کے خلاف لڑتے ہوئے نہ صرف اپنا راستہ بنا رہی ہیں بلکہ اپنے اوپر انگلیاں اٹھانے والوں کا گریبان بھی پکڑ رہی ہیں۔

پہلی قسط میں صبا قمر کو ٹیکسی ڈرائیور کے روپ میں دکھایا گیا ہے جو اپنے والد کی بیماری کے بعد گھر کا خرچہ چلانے کے لیے ان کی ٹیکسی چلا رہی ہیں، ان کا پہلا ہی مسافر انہیں بہت سے سبق دے جاتا ہے۔

پہلی قسط نشر ہوتے ہی اس کے مختلف کلپس سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئے جنہیں سن کر لوگ خوشگوار حیرت میں مبتلا ہوگئے۔

ڈرامے میں صبا عمر کے علاوہ حریم فاروق، سنیتا مارشل، صبور علی، منیب بٹ اور میکال ذوالفقار بھی شامل ہیں۔ منیب بٹ کا کردار بھی مختلف نوعیت کا ہے جو رفتہ رفتہ سامنے آئے گا۔

سوشل میڈیا صارفین بھی ڈرامے کی بے حد پذیرائی کر رہے ہیں، اکثر صارفین کا کہنا ہے کہ بالآخر روایتی ساس بہو، گھریلو جھگڑوں اور مظلوم عورت کی کہانیوں سے ہٹ کر کچھ مختلف دیکھنے کو مل رہا ہے جو تازہ ہوا کا جھونکا ہے۔

کوئی اس کے جاندار مکالموں کو سراہ رہا ہے تو کوئی صبا قمر کی بہترین اداکاری پر داد دے رہا ہے۔

ڈرامہ سر راہ ہر ہفتے کی شب رات 9 بجے اے آر وائی ڈیجیٹل پر نشر کیا جائے گا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں