کراچی : ٹیکساس اسکول فائرنگ میں جاں بحق ہونے والی سبیکا شیخ کی میت آج شب کراچی پہنچے گی، نماز جنازہ کل بیت المکرم مسجد گلشن اقبال اورتدفین عظیم پورہ قبرستان شاہ فیصل کالونی میں ہوگی، سبیکہ کے والد کا کہنا ہے کہ میری بیٹی سبیکہ شہید ہے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست ٹیکساس میں اسکول میں فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق ہونے والی سبیکہ کے گھر میں اداسیوں کے ڈیرے ہیں اور لواحقین غم سے نڈھال ہیں جبکہ گھر میں تعزیت کرنے والوں کاتانتا بندھا ہوا ہے،
سبیکا شیخ کی میت استنبول کے راستے آج شب کراچی پہنچے گی۔
سبیکا کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ سبیکہ کی نماز جنازہ کل بیت المکرم مسجد گلشن اقبال میں ادا کی جائے گی جبکہ تدفین عظیم پورہ قبرستان شاہ فیصل کالونی میں ہوگی۔
اہلخانہ کا مزید کہنا ہے کہ ہیوسٹن میں 5گھنٹے فلائٹ تاخیرکاشکار ہوئی ، استنبول سے کراچی آنے والی پرواز مس ہونے کا خدشہ ہے، سبیکہ کی میت منگل اوربدھ کی درمیانی شب وطن پہنچ جائےگی، بدھ کی صبح 9بجے سبیکہ کی نمازجنازہ اداکی جائے گی۔
میری بیٹی سبیکہ شہید ہے، والد عبدالعزیزشیخ
سبیکہ شیخ کے والد کا کہنا تھا کہ طیارےمیں تاخیرنہ ہوتی توسبیکہ کی میت آچکی ہوتی، فیملی کے ساتھ مشاورت کرکے سبیکہ کی تدفین کااعلان کریں گے۔
عبدالعزیزشیخ نے کہا کہ میری بیٹی سبیکہ شہیدہے، امریکا میں پاکستانی سفارتی اہلکاروں نے بہت مدد کی۔
مزید پڑھیں : ہیوسٹن اسکول میں فائرنگ سے جاں بحق سبیکا شیخ کا جسد خاکی پاکستان روانہ
میت پاکستان روانہ کرنے سے پہلے ہیوسٹن میں نمازجنازہ اد کی گئی، جس میں پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، ہوسٹن کے میئر اور اہم امریکی اور پاکستانی شخصیات بھی اس موقع پر موجود تھیں۔
میئرہوسٹن نے اس حوالے سے اپنے ٹویٹرپراپنے پیغام میں کہا سبیکا ایک شیچ فیملی کی بچی تھی لیکن وہ ہماری بھی بچی تھی، بالکل ان بچوں کی طرح جو اس واقعے میں اپنی جان سے ہاتھ دھوبیٹھے۔
یاد رہے کہ 19 مئی کو امریکی ریاست ٹیکساس میں شہرہوسٹن کے سانٹا فے ہائی اسکول میں طالبعلم کی فائرنگ سے پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ سمیت 10 طالبعلم جاں بحق ہوگئے تھے۔
پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ سانتافے ٹیکساس میں ایکسچینج ایئر پروگرام کی طالبہ تھی، وہ 21 اگست 2017 کو یوتھ ایکسچیج اینڈ اسٹڈی پروگرام کے تحت تعلیم حاصل کرنے امریکا گئی تھیں۔
سبیکا کراچی کے علاقے گلشن اقبال کی رہائشی تھی اور بہن بھائیوں میں سب سے بڑی تھیں۔