جمعہ, مئی 16, 2025
اشتہار

ہیوسٹن میں پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ کی نمازجنازہ کی ادائیگی

اشتہار

حیرت انگیز

ہیوسٹن : پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ کی نمازجنازہ ادا کر دی گئی،  نماز جنازہ میں قونصل جنرل سمیت پاکستانیوں کی بڑی تعداد شریک تھی، میت منگل تک کراچی لائے جانے کا امکان ہے ۔

تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست ٹیکساس کے شہرہوسٹن کے سانٹا فے ہائی اسکول میں ایک طالبعلم کی فائرنگ سے پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ بھی جاں بحق ہوگئیں تھیں جن کی نماز جنازہ آج ہیوسٹن میں قائم پاکستانی سفارت خانے میں ادا کردی گئی۔

نماز جنازہ میں پاکستانی قونصل جنرل سمیت پاکستانی کمیونٹی نے بڑی تعداد میں شرکت کی، سترہ سالہ سبیکا شیخ کی میت منگل تک کراچی لانے کا امکان ہے۔

سبیکا کی والدہ کا کہنا ہے کہ نو جون کو بیٹی کی گھر واپسی کے لیے وہ ایک ایک دن گن رہی تھیں، چھوٹی بہن بھی آپی کی منتظر تھی، سبیکا کے والد کا کہنا ہے کہ میری بیٹی نے اپنے من پسند کھانوں کی ایک لمبی لسٹ دی تھی۔

امریکہ جانے سے قبل بنائی گئی اپنی ایک ویڈیو میں سبیکا نے ایکسچینج پروگرام میں سلیکشن پر بے حد خوشی کا اظہار کیا تھا مگر وہ یہ نہ جانتی تھی کہ اب کبھی گھر نہ لوٹ سکے گی۔

واضح رہے کہ سانٹا فے ہائی اسکول میں طالبعلم کی فائرنگ سے پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ سمیت 10 طالبعلم جاں بحق ہوگئے تھے۔ امریکی پولیس کے مطابق ہائی اسکول کے17سالہ حملہ آور طالبعلم دیمیتریوس پاگورٹزس کو گرفتارکرلیا گیا ہے جس نے اپنے جرم کا اعتراف بھی کر لیا ہے۔

بعدازاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ٹیکساس فائرنگ واقعے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پرافسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہماری ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں