مشہور مزاحیہ ڈرامہ سیریل ’تارک مہتا کا الٹا چشمہ‘ میں ’تارک مہتا‘ کا کردار نبھانے کے لیے اداکار سلیش لودھا کے بعد نیا چہرہ سامنے آگیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کچھ ماہ قبل سلیش لودھا نے ڈرامہ سیریل میں مزید کام کرنے سے معذرت کرلی تھی جس کے بعد اب اداکار سچن شراف نئے ’تارک مہتا‘ ہوں گے۔
مزید پڑھیں: 50 روپے کمانے والے ”تارک مہتا کا الٹا چشمہ“ کے مشہور کردار
سچن شراف نے ایک انٹرویو میں تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ڈرامہ میں ’تارک مہتا‘ کا کردار نبھاؤں گا، اس کردار کے ساتھ انصاف کرنے کی پوری کوشش کروں گا، اداکار دلیپ جوشی (جیٹھا لال) کے ساتھ کام کرنے کے لیے پُرعزم ہوں۔
انہوں نے کہا کہ تمام دیکھنے والوں سے گزارش ہے کہ ڈرامہ کے لیے اپنا پیار برقرار رکھیں، میں اس کردار کے لیے تھوڑا گھبرایا ہوا ہوں جو فطری بات ہے۔
بھارتی ڈرامہ سیریل ’تارک مہتا کا الٹا چشمہ‘ کے چاہنے والے نہ صرف بھارت بلکہ پاکستان میں بھی بڑی تعداد میں موجود ہیں۔
رواں سال مئی میں سلیش لودھا نے 14 سال بعد سیریل کو خیرباد کہنے کا اعلان کیا۔ میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ انہوں نے ڈرامہ کے لیے جو تاریخیں دی ان کو صحیح طریقے سے استعمال نہیں کیا گیا۔