کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں اب تک عید الاضحیٰ کے لیے قربانی کے 28 ہزار جانور لائے جاچکے ہیں، مویشی منڈی کے اطراف اور ارد گرد پولیس بہت فعال ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر کے مختلف شہروں سے جانوروں کی بڑی کھیپ کراچی کی مویشی منڈی پہنچ گئی۔
ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ 28 ہزار سے زائد قربانی کے جانور مویشی منڈی لائے جا چکے ہیں، مشکوک افراد کو روک کر گاڑیوں کی تلاشی بھی لی جارہی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق مویشی منڈی کے اطراف اور ارد گرد پولیس بہت فعال ہے جبکہ مختلف تھانوں سے مزید نفری طلب کرلی گئی ہے۔
خیال رہے کہ اس بار کراچی کی مرکزی مویشی منڈی نادرن بائی پاس پر قائم کی گئی ہے، جس کا مقصد ملک بھر سے آنے والے مویشی مالکان اور کراچی کے شہریوں کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے۔