لاہور: پیراگون ہاؤسنگ کرپشن اسکینڈل میں ملوث سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی سلمان رفیق کی آج گرفتاری کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق خواجہ سعدرفیق اور سلمان رفیق کو ضمانت میں توسیع نہ ہونے پر آج گرفتار کیا جاسکتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین نیب کی جانب سے وارنٹ گرفتاری نیب کے پاس موجود ہے، سعدرفیق اور سلمان رفیق نے ہائیکورٹ سے عبوری ضمانت لے رکھی ہے۔
ذرائع کے مطابق خواجہ برادران آج عبوری ضمانت میں مزید توسیع کی درخواست دیں گے۔
گذشتہ ہفتے پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل میں نامزد سابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق سے قومی احتساب بیورو کے افسران نے ایک گھنٹہ تک پوچھ گچھ کی تھی۔
پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل، نیب کی ایک گھنٹے تک دونوں بھائیوں سے تحقیقات
نیب کی 3 رکنی تحقیقاتی ٹیم نے خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق سے الگ الگ تحقیقات کی اور دونوں بھائی ایک گھنٹے تک پوچھ گچھ کی تھی جس دوران وہ افسران کو مطمئن نہیں کرسکے تھے۔
یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے ہی سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی نے ممکنہ گرفتاری سے بچنے کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی، جس پر عدالت نے دونوں کی 24 اکتوبر تک عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے 5، 5 لاکھ کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا تھا۔
لاہور ہائی کورٹ میں سماعت کے دوران وکیل صفائی نے اپنے دلائل میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ نیب نے سعد رفیق اور سلمان رفیق کو تحقیقات کے لیے طلب کیا، خدشہ ہے انہیں حراست میں لے لیا جائے گا۔