واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے لندن کے میئر صادق خان پر شدید تنقید کی ہے، انھوں نے ٹویٹ کیا کہ صادق خان بہ طور میئر بد ترین ثابت ہوئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق صدر ٹرمپ ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ لندن کے میئر صادق خان مکمل طور پر نا کام رہے ہیں، وہ بد ترین میئر ثابت ہوئے۔
امریکی صدر نے کہا کہ میرے بہ جائے میئر لندن کو چاہیے کہ اپنے شہر میں جرائم پر توجہ دیں، وہ ایک ’بے حس ناکام‘ میئر ہے۔
ٹرمپ نے لکھا کہ صادق خان ہر حوالے سے ناکام ثابت ہوئے، انھوں نے برطانیہ کے نہایت اہم اتحادی امریکا کے صدر کے دورے سے متعلق احمقانہ باتیں کیں۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ خان انھیں نیو یارک کے ایک نہایت احمق اور نا اہل میئر ڈی بلاسیو کی یاد دلاتا ہے، جس نے اسی طرح نا خوش گوار حرکتیں کیں۔
.@SadiqKhan, who by all accounts has done a terrible job as Mayor of London, has been foolishly “nasty” to the visiting President of the United States, by far the most important ally of the United Kingdom. He is a stone cold loser who should focus on crime in London, not me……
— Donald J. Trump (@realDonaldTrump) June 3, 2019
ڈونلڈ ٹرمپ نے میئر لندن صادق خان کو ڈی بلاسیو کا چھوٹا ورژن قرار دیا، کہا کہ خان نیو یارک کے میئر کے قد کا آدھا ہے لیکن دونوں کا کام بد ترین ہے۔
انھوں نے کہا کہ چاہے کوئی بھی ایونٹ ہو، وہ اپنے عظیم دوست برطانیہ کی طرف قدم آگے بڑھاتے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ ان کی نگاہیں برطانوی دورے پر مرکوز ہیں۔
خیال رہے کہ میئر لندن صادق خان نے صدر ٹرمپ کو ان کی پالیسیوں پر تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور کہا تھا کہ وہ عالمی امن کے لیے خطرہ ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ڈونلڈ ٹرمپ دنیا کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہیں، میئر لندن صادق خان
لندن کے لیے روانگی سے قبل وائٹ ہاؤس کے باہر امریکی صدر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کا برطانوی دورے کے دوران صادق خان سے ملاقات کا کوئی ارادہ نہیں، وہ ڈی بلاسیو کا جڑواں ہے۔
گزشتہ ماہ جب بِل ڈی بلاسیو نے امریکی صدارتی انتخابات 2020 میں حصہ لینے کا باقاعدہ اعلان کیا تو امریکی صدر نے کہا کہ وہ نیو یارک کی تاریخ کا بد ترین میئر ہے۔
اس کے جواب میں ڈی بلاسیو نے انھیں چال باز فن کار قرار دیا، انھوں نے ایک نیوز شو میں کہا ٹرمپ ’چال باز ڈان‘ ہے۔