اسلام آباد: صادق سنجرانی کو چیئرمین سینیٹ منتخب ہونے پر چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو اور پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے مبارکباد پیش کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں صادق سنجرانی کو چیئرمین سینیٹ منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کا انتخاب وفاق پاکستان کو تقویت بخشے گا۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ آج کے دن ہم بلوچ عوام اور وفاق پاکستان کے لیے نہایت خوشی کا اظہار کرتے ہیں۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا اپنے ٹویٹ میں کہنا تھا کہ صادق سنجرانی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، ضیاء کے اوپننگ بلے باز کو شکست ہوگئی، بلوچستان جیت گیا ہے۔
واضح رہے سینیٹ کے چیئرمین کے لیے حکمراں جماعت ن لیگ کے راجہ ظفر الحق اور اپوزیشن کے صادق سنجرانی کے درمیان مقابلہ تھا۔
صادق سنجرانی 57 ووٹ لے کر چیئرمین سینیٹ منتخب ہوئے جبکہ ان کے حریف راجہ ظفر الحق 46 ووٹ لے سکے جبکہ نو منتخب چیئرمین صادق سنجرانی نے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا ہے۔