جمعہ, مئی 9, 2025
اشتہار

صادق آباد : گیس پائپ لائن میں دھماکہ کے بعد آتشزدگی، پنجاب کو سپلائی معطل

اشتہار

حیرت انگیز

صادق آباد : بھونگ میں گزشتہ رات گئے دھماکے سے گیس پائپ لائن میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی، پنجاب کی صنعتوں اور توانائی سیکٹر کو گیس کی فراہمی معطل کردی گئی، گیس کمپنی نے شرپسندوں کی کارروائی قرار دیا جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ تخریب کاری کے شواہد نہیں ملے۔

تفصیلات کے مطابق صادق آباد کے علاقہ بھونگ میں منگل اوربدھ کی درمیانی شب گیس پائپ لائن میں زوردار دھماکا ہوا۔ دھماکے کے بعد ٹرانسمیشن لائن میں شدید آگ بھڑک اٹھی، آگ میں اتنی شدت تھی کہ اس نے آس پاس گنے کے کھیت کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ آگ رات سوا دو بجے لگی، اطلاع ملنے پر فائربریگیڈ کی پانچ گاڑیوں کے عملے نے چارگھنٹے کی مسلسل جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا، امدادی اہلکاروں نے علاقے سے آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔

دھماکے سے پائپ لائن تباہ اور پنجاب کی انڈسٹری ، فرٹیلائزر اور پاور سیکٹر کو گیس کی فراہمی معطل ہے۔ سوئی ناردرن کا عملہ پائپ لائن کی مرمت میں مصروف ہے، آج رات تک تمام مرمتی و بحالی کا کام مکمل کر لیا جا ئے گا۔

اس حوالے سے ترجمان سوئی ناردرن کا کہنا ہے کہ شرپسندوں نے گیس پائپ لائن کو نقصان پہنچایا تاہم پولیس حکام نے تخریب کاری کا امکان مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں اس قسم کے کوئی شواہد نہیں ملے تاہم واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں