پنجاب کے شہر صادق آباد میں پولیس کے کچے میں آپریشن کے دوران اندھڑ گینگ کا سرگرم ڈاکو مارا گیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ڈاکو ہنی ٹریپ کے ذریعے اغوا برائے تاوان کا مرکزی ملزم تھا، ڈاکو مختار عرف ودھایا شیخ سے کلاشنکوف، سینکڑوں گولیاں برآمد کی گئی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کارروائی کی تو مسلح ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کی جوابی کارروائی میں ڈاکو مارا گیا جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ڈاکو، ڈکیتی، پولیس پر حملوں کی متعدد وارداتوں میں مطلوب تھا۔
ترجمان پولیس کے مطابق آپریشن سندھ سے متصل بستی سعید عباسی کے عقب موضع داعوالہ میں کیا گیا، آپریشن کے دوران پولیس کو بکتر بند گاڑیوں، ایلیٹ کمانڈوز، نائٹ ویژن گاگلز، بھاری ہتھیاروں کی مدد حاصل تھی۔
واضح رہے کہ چند ماہ قبل صادق آباد میں کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے حملے میں 11 پولیس اہلکار شہید اور 10 زخمی ہو گئے تھے۔
صادق آباد میں علاقے ماچھکہ میں ڈاکوؤں نے دو پولیس موبائلوں پر راکٹ سے حملہ کرنے کے بعد شدید فائرنگ کی تھی۔
دونوں پولیس موبائلوں میں 20 سے زائد پولیس اہلکار سوار تھے اور ڈاکوؤں کی جانب سے پولیس موبائلوں پر راکٹ مارنے کے بعد فائرنگ بھی کی گئی تھی۔
پولیس اہلکار کچے میں ڈیوٹی کے بعد واپس آرہے تھے کہ حملہ کردیا گیا جس کے نتیجے میں 12 اہلکار شہید اور 10 زخمی ہو گئے تھے۔