کراچی: وزیرِ بلدیات سندھ سعید غنی نے تسلیم کر لیا ہے کہ شہر کا بڑا حصہ کچرے کا ڈھیر بن چکا ہے، انھوں نے کہا کہ تسلیم کرتا ہوں کہ ضلع غربی میں کچرے کے ڈھیرہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور وزیر بلدیات سعید غنی نے اعتراف کر لیا ہے کہ کراچی کا ضلع غربی کچرے کا ڈھیر بن گیا ہے۔
انھوں نے الزام عائد کیا ہے کہ ضلع غربی میں کچرا اٹھانے والی کمپنی نے کنٹریکٹ کی خلاف ورزی کی ہے۔
سعید غنی نے کہا کہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ نے متعلقہ کمپنی کے خلاف کارروائی کی ہے، ضلع غربی میں کچرا اٹھانے کا کام اب ڈی ایم سی کے سپرد کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی کو اون کرنا ہماری مجبوری ہے: سعید غنی
یاد رہے کہ ڈیڑھ ہفتے قبل پی پی کے رہنما سعید غنی نے کراچی کو بھارتی شہر ممبئی سے بڑا شہر قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ممبئی بھی اس کے سامنے کچھ نہیں ہے۔
صوبائی وزیر بلدیات کا کہنا تھا کہ کراچی شہر کو اون کرنا پیپلز پارٹی کی مجبوری ہے، کراچی کو چھوڑنے کی پی پی کے سامنے کوئی چوائس موجود نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سندھ میں قائمہ کمیٹیوں کے نوٹیفکیشن غیر قانونی ہونے کا انکشاف
انھوں نے کہا تھا کہ ان کے پاس پورے صوبے کی وزارت ہے اس لیے کراچی کو اون کرنا مجبوری ہے، اگر شہر کا ہر ادارہ اپنے دائرہ کار میں رہ کر کام کرے تو کراچی جیسا بڑا شہر بھی ترقی کرے گا۔
خیال رہے کہ گزشتہ کئی برسوں سے کراچی کچرے کا ڈھیر بن جانے کی وجہ سے خبروں کی زد میں آتا رہا ہے، سابق وزیر اعظم نواز شریف اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف بھی کراچی کو کچرے سے پاک کرنے کے دعوے کر چکے ہیں۔
پی ٹی آئی سمیت موجودہ میئر کراچی وسیم اختر نے بھی کراچی کو کچرے سے پاک کرنے کے دعوے کیے۔