کراچی: وزیرِ بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ کراچی میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن بلاتفریق جلد شروع ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ بلدیات سندھ سعید غنی کی زیر صدارت سہراب گوٹھ ٹاؤن میں درپیش مسائل سے متعلق اجلاس ہوا جس میں تجاوزات، برساتی نالے سمیت دیگر مسائل کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی۔
اس اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری سندھ سید خالد حیدر شاہ، ٹاؤن چیئرمین لالہ رحیم، ڈپٹی کمشنر اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اس موقعے پر سعید غنی نے کہا کہ علاقے کے عوام کو ریلیف فراہم کیلئے لائحہ عمل ترتیب دیا جائے، ڈی سی ایسٹ ٹاؤن انتظامیہ اور پولیس کی مدد سے لائحہ عمل مرتب کریں، برساتی نالے اور سیوریج کے حوالے سے ٹاؤن انتظامیہ اقدامات کو یقینی بنائے۔
سعید غنی کا کہنا تھا کہ کسی جگہ سندھ حکومت کی مدد درکار ہوئی تو فراہم کریں گے، تمام ٹاؤنز میں تجاوزات خاتمے، نکاسی نظام کی درستگی کی کوشش کررہے ہیں، تجاوزات خاتمےکیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو آن بورڈ لیا جائے گا جلد کراچی میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع ہوگا۔