کراچی : وزیراطلاعات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ کراچی کے بڑے اسپتال ہم نے بہتر بنائے ہیں، آئی جی سندھ پر ہمارے خدشات صحیح ثابت ہورہے ہیں، آج یا کل تک فیصلہ ہوجائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، وزیر اطلاعات نے کہا کہ ملک کے دوسرے صوبوں کے لوگ بھی کراچی آکر علاج کراتے ہیں، اس شہر کے بڑے اسپتال ہم نے بہتر بنائے ہیں،
وفاق کے کچھ افسران نے ان اسپتالوں کا دورہ کیا ہے۔
آئی جی سندھ سید کلیم امام کو ہٹانے سے حوالے سے انہوں نے کہا کہ آئی جی سندھ معاملے پر کوئی ڈیڈ لاک نہیں ہے ان سے متعلق آج یا کل تک فیصلہ ہوجائے گا، آئی جی سندھ پر ہمارے خدشات صحیح ثابت ہورہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اب تو کلیم امام کے کیریئر پر سوالیہ نشان آگیا ہے کیونکہ جس وزیر نے کابینہ میں شکایت کی اسی کے خلاف رپورٹس بنائی گئیں۔
وزیر اطلاعات سندھ سعیدغنی نے کہا کہ پنجاب میں صوبائی حکومت نے آتے ہی بلدیاتی نظام ختم کردیا، وہاں ایڈمنسٹریٹرز کے ذریعے بلدیاتی ادارے چلائے جارہے ہیں، سندھ میں تو بلدیاتی نظام موجود ہے تو پھر یہ لوگ ہم پر کس منہ سے تنقید کررہے ہیں۔
مزید پڑھیں: کراچی کے 3 بڑے اسپتال وفاقی وزارت صحت کے ماتحت کردیے جائیں گے، ڈاکٹر ظفر مرزا
واضح رہے کہ وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ چند ماہ میں کراچی کے 3 بڑے اسپتالوں جناح اسپتال، این آئی سی وی ڈی اور این آئی سی ایچ وفاقی وزارت صحت کے ماتحت کردیئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ سپریم کورٹ کے حکم کے تحت کیا گیا ہے، تینوں اسپتالوں کی منتقلی کے حوالے سے سندھ حکومت سے مشاورت کی جارہی ہے۔