کراچی: صوبہ سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی کا کہنا ہے کہ کوویڈ 19 کی وجہ سے 30 نئے اسکولوں کا افتتاح نہ ہوسکا، کرونا وائرس کی وجہ سے اسکول بند رہے اور تعلیم کا نقصان ہوا۔
تفصیلات کے مطابق این جے وی اسکول میں ایک این جی او کی جانب سے طلبا میں ٹیبلٹ تقسیم کرنے کی تقریب ہوئی جس میں سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سعید غنی کا کہنا تھا کہ کوویڈ 19 کا مسئلہ نہ ہوتا تو ہم 30 نئے اسکولوں کا افتتاح کر چکے ہوتے، کوویڈ کی وجہ سے حکومتی معاملات بھی رک گئے تھی۔
انہوں نے کہا کہ اگلے کچھ ہفتوں میں تعمیر شدہ اسکول شروع کریں گے، صوبے میں 40 ہزار اسکول ہیں۔ ہمیں کسی این جی او کے رحم و کرم پر نہیں رہنا چاہیئے، خود بھی آگے بڑھ کر ایسے اسکول بنانے ہیں۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ اسکولوں میں سب سے زیادہ ایس او پیز کو فالو کیا جا رہا ہے، کمیٹیز اب بھی اسکولز کے دورے کر رہی ہیں۔ ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ اسٹاف کی کمی ہے جس کی وجہ سے مسائل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کی وجہ سے اسکول بند رہے اور تعلیم کا نقصان ہوا، اب اسکول کھلے ہیں لیکن کچھ نہیں پتہ کہ دوبارہ کب اسکول بند ہو جائیں۔
سعید غنی کا مزید کہنا تھا کہ بہت سے علاقوں میں انٹرنیٹ اور دیگر سہولیات نہیں جس کی وجہ سے آن لائن تعلیم میں رکاوٹ پیدا ہوئی لیکن 60 فیصد علاقوں میں سہولیات موجود ہیں۔