کراچی : صوبائی وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ کراچی کے حالات ایسے بھی نہیں کہ یہاں آرٹیکل ون فورٹی نائن فور لاگو کیا جائے، وفاقی حکومت کے خط کا آئین کے مطابق جواب دیں گے، مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ وفاق کراچی پیکج دینے کا وعدہ پورا کرے۔
یہ بات انہوں نے کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، ان کے ہمراہ صوبائی وزیر شہلا رضا، وقار مہدی اور راشد ربانی بھی موجود تھے۔
سعید غنی نے کہا کہ حکمران آئین کے اختیارات کو غلط استعمال کر کے صوبائی حکومت کے اختیارات ختم نہیں کر سکتے۔ انہیں کچھ نہیں ملے گا، وفاقی حکومت کا خط آیا تو آئین کے مطابق جواب دیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس سے پہلے کراچی ٹرانسفارم کمیٹی بنائی گئی اور200ارب روپے کے منصوبے وزیر اعظم کے علم میں لائے گئے،بلدیاتی نظام میں ترمیم وفاقی حکومت کا کام نہیں ہے اگر ایسا کرنے کی کوشش کی گئی تو ہم سخت مزاحمت کریں گے۔
علاوہ ازیں قانون اور ماحولیات کے صوبائی مشیر مرتضیٰ وہاب کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ آرٹیکل149(4) کا مطلب گورنرراج نہیں، وفاقی حکومت اعتراف کرچکی ہے کہ وہ ناکام ہوگئی ہے۔
آرٹیکل149(4) کےتحت وفاق صوبے کو صرف ہدایات دے سکتا ہے، ہمارا وفاق سے مطالبہ ہے کہ جو کراچی پیکج کا وعدہ کیا تھا وہ ہی دے دیں، کراچی کو صرف سیاست کیلئے استعمال کیا جاتا ہے۔