کراچی: وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ پر امن احتجاج ہر کسی کا حق ہے لیکن فکس اِٹ کا احتجاج کا رویہ درست نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج فکس اٹ کے بانی اور پی ٹی آئی رکن اسمبلی کی گرفتاری کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ فکس اٹ والے جس طرح احتجاج کر رہے ہیں وہ کسی بھی طور درست نہیں ہے۔
سعید غنی کا کہنا تھا کہ فکس اٹ والوں نے وزیر اعلی ہاؤس کے اندر گٹر کا پانی پھینکا، آج عالمگیر خان نے میرے دفتر کے باہر بھی احتجاج کی کال دی۔
سعید غنی نے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت واضح کرے کیا فکس اٹ ان کی ذیلی تنظیم ہے، احتجاج کرنے فکس اٹ آ رہی ہے تو رد عمل پی ٹی آئی کیوں دے رہی ہے، خرم شیر زمان کا فون آیا میں نے کہا کہ جو ہوا غلط ہوا، ہم شہر کے حالات خراب کرنا نہیں چاہتے۔
صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ ہمارے 8 کارکن گرفتار ہیں، افسوس کہ کئی لوگ اس واقعے میں زخمی بھی ہوئے، احتجاج کا یہ رویہ ہرگز درست نہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی، فکس اٹ کے بانی اور پی ٹی آئی کے ایم این اے عالمگیر خان گرفتار
واضح رہے کہ آج فکس اٹ کے کارکن تین تلوار پر وزیر بلدیات سعید غنی کے کیمپ آفس کے باہر پانی کی قلت اور صفائی نہ ہونے پر احتجاج کر رہے تھے، جن پر پی پی کارکنوں نے دھاوا بول دیا۔
دونوں جانب سے ہاتھا پائی ہوئی، جس میں 2 پولیس افسران سمیت متعدد افراد زخمی ہو گئے، پولیس نے 20 سے 25 کارکنوں کو حراست میں لے لیا، رکن قومی اسمبلی عالمگیر خان تین تلوار پر پریس کانفرنس کے لیے پہنچے تو پولیس نے انھیں بھی گرفتار کر لیا۔