کراچی: وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کراچی کے اداروں کی تباہی کی ذمے دار ہے.
ان خیالات کا اظہار انھوں نے ایم کیو ایم کے احتجاج پر ردعمل دیتے ہوئے کیا. ان کا کہنا تھا کہ پانی کی قلت کراچی سمیت ملک کے ہرشہرمیں ہے.
وزیربلدیات سندھ نے کہا کہ پیٹرول، بجلی، گیس کی قیمتوں سے توجہ ہٹانے کے لئے آج ڈراما رچایا گیا، ایم کیوایم کو پانی کے ساتھ ساتھ مہنگائی پر بھی احتجاج کرنا چاہیے.
سعید غنی نے کہا کہ ایم کیوایم نے آدھی وزارت کی امید پرعوام دشمن بجٹ کو ووٹ دیا، جو افسوس ناک ہے.
انھوں نے کہا کہ پانی کی قلت ہر شہرمیں ہے، واٹربورڈمیں تعینات ایم کیوایم کارکن پانی تقسیم خراب کرنے میں ملوث ہیں.
مزید پڑھیں: پورا شہر لے کر نکلے تو حکمرانوں کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی: خالد مقبول صدیقی
وزیر بلدیات سندھ سعید غنی کا کہنا تھا کہ پانی کی فراہمی متاثرکرنیوالےملازمین کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی.
خیال رہے کہ آج ایم کیو ایم کی جانب سے احتجاج مظاہرہ کیا گیا، حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ 11 سال سے وڈیرے اور جاگیر داروں نے معاشی دہشت گردی مچا رکھی ہے، پاکستان کو بچانے کے لیے کراچی کو بچانا ضروری ہے۔