کراچی : وزیر بلدیات سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ کراچی سمیت صوبے میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
تفصیلات کے مطابق وزیربلدیات سندھ سعید غنی نے ورلڈ بینک کے وفد سے ملاقات کی، ملاقات میں ایم ڈی واٹربورڈ سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔
صوبائی وزیربلدیات اور ورلڈ بینک کے وفد کے درمیان ہونے والی ملاقات میں سندھ میں پانی اور سیوریج کے مختلف منصوبوں پر بات چیت کی گئی۔
اس موقع پر سعید غنی کا کہنا تھا کہ چاہتے ہیں کراچی میں پانی، سیوریج کے جاری منصوبے جلد مکمل ہوں، جاری منصوبوں کے ساتھ ساتھ قلیل اور طویل مدتی منصوبوں کا آغاز ہو۔
صوبائی وزیر بلدیات کا یہ بھی کہنا تھا کہ کراچی سمیت صوبے میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے، دریا کے پانی کے ساتھ ساتھ ڈی سیلی نیشن پلانٹ پربھی کام ہوگا۔
ورلڈ بینک کے وفد کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ورلڈ بینک سندھ کی ہرممکن مدد کو تیار ہے۔
وفاق صوبوں کو بلدیاتی نظام کے معاملے پر ڈکٹیٹ نہیں کرسکتا، سعید غنی
یاد رہے کہ رواں ماہ 4 نومبر کو وزیرِ بلدیات کا کہنا تھا کہ بلدیاتی نمائندوں کے ساتھ مل کر کراچی کی ترقی کے لیے کام کریں گے، ایس بی سی اے (سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی) اور دیگر اداروں کے بورڈز میں تبدیلی زیرِ غور ہے، اداروں کے بورڈز میں ماہرین کا شامل ہونا ضروری ہے۔